بیجنگ،4اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ہمالیہ کے خطے میں چین کی سرحد کے ساتھ بھارتی افواج کی تعیناتی کے خلاف بیجنگ حکومت نے اپنی مخالفت تیز کر دی ہے۔ اس سلسلے میں چینی وزارت دفاع کے ایک ترجمان نے جمعرات کی شب ایک بیان جاری کیا جس میں تنبیہ کی گئی ہے کہ چین تحمل مزاجی کا مظاہرہ کر رہا ہے تاہم ہر چیز کی ایک حد ہوتی ہے۔ نئی دہلی حکومت نے اپنے ایک ساتھی ملک بھوٹان کی شکایت پر اس سرحدی علاقے میں جون میں اپنے فوجی تعینات کر دیے تھے۔ اس مقام پر بھوٹان، چین اور بھارت کی سرحدیں ملتی ہیں اور بھارتی اقدام کے بعد چین نے بھی وہاں اپنی فوجیں تعینات کر رکھی ہیں۔ چین مذاکرات سے قبل بھارتی افواج کا انخلاء چاہتا ہے۔